کراچی(اسٹاف رپورٹر) والی بال میں پاکستان نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ایشین انڈر16والی بال چیمپئن شپ جیت لی، پاکستان اگلے سال عالمی انڈر17والی بال ایونٹ کے لئے بھی کوالیفائی کرگیا، جو اٹلی یا قطر میں ہوگا، ایونٹ کے میزبان کا فیصلہ آئندہ جنوری میں ہوگا، پاکستان نے ہفتے کو تھائی لینڈ میں دفاعی چیمپئن ایران کو ہراکر ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ جیت لی۔ پول میچ میں بھی پاکستان نے ایران کو شکست دی تھی، فائنل میں پاکستان نے ایران کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین ۔ دو سے ہرایا۔پاکستان نے ابتدائی دو سیٹس ہارنے کے بعد کم بیک کرکے تاریخی فتح اپنے نام کی۔ جیت کا اسکور 22-25، 21-25، 30-28، 25-21 اور 15-10 رہا جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد جنید اور فیضان اللہ نے شاندار کھیل پیش کیا۔ پاکستان ایشین انڈر16 والی بال چیمپئن شپ میں ناقابل شکست رہا ۔