کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے بیچلر آف انجینئرنگ، بیچلر آف سائنس، اور بیچلر آف آرکیٹیکچر پروگرامز میں داخلے کے لیے 2025کا انٹری ٹیسٹ 20 جولائی 2025کو منعقد کیا۔ آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز کراچی کے تحت لیا گیا ٹیسٹ صبح تین مقامات پر بیک وقت منعقد ہوا جن میں آئی بی اے مین کیمپس، آئی بی اے سٹی کیمپس اور داؤد یونیورسٹی کا سینٹر فار انٹرپرینیورشپ، مینجمنٹ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز روہڑی، سکھر شامل ہیں۔پہلی مرتبہ سندھ میں داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی نے پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) کی باقاعدہ منظوری سے جناح کیمپس پر بی ایس انفارمیشن سیکیورٹی انجینئرنگ پروگرام متعارف کرایا، ۔ انٹری ٹیسٹ میں جدید اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ پروگرامز جیسے بی ای انرجی اینڈ انوائرنمنٹ انجینئرنگ اور بی ای میٹیریلز انجینئرنگ بھی شامل ہیں۔ٹیسٹ صبح کے وقت منعقد ہوا اور اس کا دائرہ جناح کیمپس کراچی، سی ای ایم ای ٹی سکھر، اور گلبرگ ٹاؤن کراچی میں فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ کمپیوٹنگ سائنسز تک محیط تھا۔ داؤد یونیورسٹی کے 18 شعبہ جات میں 1,688؍ نشستوں پر داخلے کیلئے اس سال 3,677؍ امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ کی رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 3,466؍ امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی، جو 94فیصد حاضری کی عکاسی کرتا ہے۔خواتین امیدواروں کی شرح 23.3؍ فیصد رہی، امیدوار مختلف تعلیمی بورڈز سے تعلق رکھتے تھے۔ 1,999؍ امیدواروں کا تعلق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی سے تھا، جبکہ دیگر بورڈز میں بی آئی ایس ای سکھر 241،فیڈرل بورڈ اسلام آباد101، بی آئی ایس ای شہید بینظیرآباد209، بی آئی ایس ای لاڑکانہ171، سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن52، بی آئی ایس ای حیدرآباد179، کیمبرج بورڈ 62، اور آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ41 شامل ہیں۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد الواحد بھٹو، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ سیکورٹی انجینئر صدام علی کھچی اور داخلہ کمیٹی کے اراکین نے مختلف مراکز کا دورہ کیا تاکہ انتظامات کا جائزہ لے سکیں۔ سی ای ایم ای ٹی روہڑی میں پروفیسر ڈاکٹر غلام اللہ میتلو نے انتظامات کی نگرانی کی۔