کراچی ( اسٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری سندھ نے کراچی تا ٹھٹھہ روڈ پرتجاوزات ایک ہفتے میں ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا ،تفصیلات کے مطابق منگل کوچیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت کراچی تا ٹھٹھہ روڈپر بڑھتی ہوئی تجاوزات کے خاتمے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سڑک پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے والے ٹینکروں، ٹرکوں، اور پھل و سبزی فروشوں کی غیر قانونی سرگرمیوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم شاہراہ تجارتی اور بین الاضلاعی آمد و رفت کے لیے نہایت اہم ہے اور اسے ہر صورت تجاوزات سے پاک کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر اندر تمام تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔