نواب شا(ہ محمد انور شیخ )قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں 70کروڑ روپیہ کی کرپشن میں ایف آئی اے نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس کو عدالت میں پیش کر دیا جہاں عدالت نے ملزم کو دو روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل دے دیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ایف ائی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر افروز کلوڑ نے جنگ کو بتایا کہ قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ 70کروڑ روپے سے زائد کی میگا کرپشن کیس کے ملزم ڈائریکٹر فنانس قمر الدین شیخ کو ایف آئی اے نے جوڈیشل مجسٹریٹ 2 ریحان میمن کی عدالت میں پیش کیاگیا،عدالت نے قمر الدین شیخ کو دو روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا، اس موقع پر میڈیا بات کرتے ہوئے ایف آئی اے کے انوسٹیگیشن آفیسر سعید چانڈیو کا کہنا تھا کہ کیس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات جاری ہیں۔یونیورسٹی انتظامیہ معلومات تک رسائی فراہم نہیں کررہی ہے جبکہ کرپشن میں ملوث دیگر ملزمان روپوش ہو گئے ہیں، ان کی بھی گرفتاریوں کی کوشش جاری ہے۔