پشاور( کرائمرپورٹر)پشاور کے علاقے ناصر باغ میں مسلح افراد نے گھر پر دھاوا بول کر جواں سالہ افغان لڑکے کو قتل جبکہ خاتون کو زخمی کردیا جبکہ ریگی کے علاقے سے نوجوان کی قتل شدہ نعش برآمد کرلی گئی ہے ۔ تھانہ ناصرباغ پولیس کو نعمت اللہ ولد محمد دین نے بتایاکہ وہ اپنے چچازاد حمید ولد صفت اللہ اور والدہ کے ہمراہ گھر واقع افغان کوچہ ذخہ خیل میں موجود تھا اس دوران ویگوگاڑی میں 7سے 8افراد آئے اوران پراچانک فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں اس کی والدہ زوجہ محمد دین اور 20سالہ حمید لگ کرشدید زخمی ہوگئے ، انہیں ہسپتال پہنچایا گیا تاہم حمید جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس کو بتایاگیاکہ مقتول لڑکے کا والد بیرون ملک سویڈن میں روزگارکرتاہے ،پولیس نے بتایاکہ دعویداری ملزمان حیات خان، نورصاحب کے بیٹا ودیگر 7افراد پر کی گئی ہے تاہم وجہ عناد معلوم نہیں ہوسکی کہ ان پر کیوں فائرنگ کی گئی۔ ادھر تھانہ ریگی پولیس کو امجد ولدگل رحمان نے بتایاکہ رات کے وقت وہ 24سالہ بھائی بلال کے ہمراہ بیٹھک میں موجود تھا اس دوران بھائی کوکال آئی اور اس نے بتایاکہ وہ 5منٹ میں آتا ہے ، کچھ دیر بعد بھائی کا موبائل نمبر بند آرہا تھا اور رات کو گھر بھی واپس نہیں لوٹا۔مدعی نے بتایاکہ اگلی صبح اسے اطلاع ملی کہ بلال کی قتل شدہ نعش اراضیات برج ڈھیری میں پڑی ہے، وہ موقع پر پہنچا تو اس کی خون میں لت پت نعش پڑی تھی جسے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔مدعی نے بتایاکہ ہمارا کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ۔پولیس نے مقتول کے موبائل فون ڈیٹا ودیگرشواہد پر کام شروع کردیاہے۔