پشاور(جنگ نیوز)فرنٹیئر فاؤنڈیشن نے امراضِ خون میں مبتلا ہزاروں مریضوں کو خدمات کی فراہمی کے 22 سال مکمل کر لئے، اس دوران خون کے ضرورت مند افراد کو 3 لاکھ سے زائد بلڈ بیگز عطیہ کئے گئے، 22 سالہ خدمات کا سفر مکمل کرنے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا کہ ایک چھوٹے سے خواب سے شروع ہونے والا سفر کامیابیوں کے مراحل طے کرتے ہوئے اپنی منزل کی جانب گامزن ہے اور یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ اس وقت فرنٹیئر فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کا خون و اجزائے خون فراہم کرنے والا ایک بڑا فلاحی ادارہ بن گیا ہے اس 22 سالہ خدمات کے سفر میں مالی عطیات اور خون عطیہ کرنے والے افراد کا اہم کردار رہا ہے، ہمیں مستقبل میں بھی ان کا تعاون درکار ہوگا تاکہ خدمت کا یہ انتھک سفر اسی کامیابی کے ساتھ جاری و ساری رہے، اس موقع پر فرنٹیر فاؤنڈیشن کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخر زمان نے ادارہ کی 22 سالہ خدمات پر روشنی ڈالی اور شرکاء کو بلڈ کیمپوں کے انعقاد، تھیلی سیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر خون کے موروثی امراض میں مبتلا مریضوں کو خون و اجزائے خون کی فراہمی اور امراض خون کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے آگاہی تقاریب کے انعقاد سے متعلق بھی آگاہ کیا۔