اسلام آباد( نمائندہ جنگ)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سول سروسز کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، سول سروسز اسٹرکچر کی بہتری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کیلئے وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرد ی ۔وزیر اعظم نےہدایت کی ہے کہ کمیٹی ایک ماہ میں تفصیلی مشاورت کے بعد اصلاحات پر مبنی جامع سفارشات پیش کرے۔کمیٹی میرٹ پر بہترین ٹیلنٹ کی بھرتی، ترقی کیلئے مخصوص اہداف پر مبنی کے پی آئیز، اے سی آر نظام کی بہتری و مؤثر متبادل کے حوالے سے سفارشات مرتب کرکے پیش کرے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یہ ہدایت اپنی زیرِ صدارت سول سروسز کی اصلاحات پر جائزہ اجلاس میں دی جو گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ سول سروسز میں عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانے اور اسکا معاون بنانے کیلئے اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔دریں اثنا ء یراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں تعلیم کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ نظام تعلیم میں جدت لانا، ملک کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار سنٹانا ایجوکیشن (Cintana Education) کے بانی اور چئیرمین ڈگ بیکر (Doug Becker) کی قیادت میں ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی تعمیر ہمارے لیے انتہائی اہم سنگ میل ہے۔