گلگت /لاہور/اسلام آباد(ایجنسیاں،نیوز رپورٹر،نمائندگان جنگ)گلگت بلتستان اور پنجاب کے کئی شہروں میں بارشوں سے مزید تباہی، ضلع دیامر میں شدید سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 6ہوگئی ، ضلع گانچھے میں سیلاب ، کندوس گاؤں میں درجنوں مکانات، ڈسپنسری، مساجد، زرعی زمین اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔لاہور میں نشیبی علاقے ڈوب گئے،درجنوں فیڈرز ٹرپ،بجلی گھنٹوں غائب،نوشہرہ ورکاں،جوہر آباد میں چھت گرنے سے ایک جاں بحق، 6افرادزخمی ہوگئے، فیروزوالہ رانا ٹاؤن کے قریب 3بچے کھیلتے ہوئے بھیڑ نالے میں گر کر ڈوب گئے۔راولپنڈی اوراسلام آباد میں بھی گزشتہ روز موسلا دھار بارش سے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ۔ این ڈی ایم اے کے مطابق مختلف حادثات میں اموات کی مجموعی تعداد 252تک جاپہنچی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ،پنجاب میں اب تک143 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں،آج پھر بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے بابوسر ویلی سے ایک اور لاش برآمد کی ہے، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 6ہو گئی ہے۔ریسکیو 1122 کے مطابق، گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کے مختلف علاقوں میں سیلاب آیا۔ریسکیو 1122 نے کہا کہ سکارکوئی میں فلیش فلڈز نے گلگت کے داس محلہ اور گرد و نواح میں کئی گھروں اور دیگر انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچایا۔جمعرات کے روز پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ۔