اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افئیرز محمد جنید انور چوہدری اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات میں چین۔پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے جاری منصوبوں کی رفتار، پیش رفت اور آئندہ جے سی سی کے اجلاس کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،چینی سفیر جیانگ زیدونگ نے پاکستان کی ترقی میں چین کی مسلسل معاونت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون آنے والے برسوں میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، اب دوسرا مرحلہ صنعتی تعاون، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سماجی ترقی پر مرکوز ہے۔