اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) پاکستان ذمہ دار شہری تنظیم کے چیئرمین مولانا حافظ محمد عمیر الغزالی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایماندار اور دیندار قیادت کی ضرورت ہے، تعلیم اور صحت کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، امت کو لسانیت ، قومیت اور فرقہ واریت سے نکال کر مغرب کا معاشی، سیاسی، اخلاقی، اور معاشرتی میدان میں مقابلہ کرنے کیلئے تیار کرینگے،ملک کی اندورنی صورتحال میں بدامنی، مہنگائی اور قوم میں عدم اطمینان کا عنصر اشرافیہ کے اختیارات کو محدود کرکے ہی ہو سکتا ہے،تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کیا جائیگا،جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، پاکستان ذمہ دار شہری تنظیم کے چیئرمین مولانا حافظ محمد عمیر الغزالی تنظیم کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولوی مفتی مفتاح اللہ، عاقب عبداللہ و دیگر کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ذمہ دار شہری تنظیم کی بنیاد چھ برس قبل جھنگ میں ڈالی گئی تھی جو آج پورے پاکستان میں پھیل چکی ہے، تنظیم میں شامل نوجوانوں کا قافلہ اپنی مدد آپ کے تحت یکسو ہو کر ریاست پاکستان کے استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے مصروف عمل ہے،ہماری تنظیم نوجوانوں کو کو لسانیت ، قومیت اور فرقہ واریت سمیت دیگر مادہ پرستی اور غرض کی بنیاد پر تقسیم سے نکالنا اور اس حوالے سے شعور دیناچاہتی ہے۔