خپلو (اے ایف پی) دو مرتبہ کی عالمی چیمپیئن اور اولمپئین جرمن کوہ پیما لاورا ڈالمائر گلگت بلتستان میں مہم جوئی کے دوران تودہ گرنے سے شدید زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہو گئیں۔ چٹانیں گرنے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن ناممکن قرار، ہیلی کاپٹر مدد سے بھی کچھ نہ ہوسکا ۔ حادثہ پیر کے روز دوپہر کو 5,700 میٹر کی بلندی پر قراقرم کے علاقے میں پیش آیا۔لاورا نے 2018 کے پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس میں سپرنٹ اور پرسیوٹ دونوں مقابلے جیت کر تاریخ رقم کی۔جرمن صدرنے کوہ پیما کو خراج تحسین پیش کیا۔چٹانیں گرنے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن ناممکن قرار پایا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے امداد بھی ممکن نہ ہو سکی۔ان کی ٹیم کے مطابق 31سالہ لاورا کو چٹان لگنے سے چوٹ آئی، اور اب تک کوئی بھی ان تک نہیں پہنچ سکا کیونکہ مزید چٹانیں گرنے کا خطرہ اور مقام کی دوری رکاوٹ ہے۔مقامی افسر آریب احمد مختار نے اے ایف پی کو بتایا جہاں حادثہ پیش آیا وہاں کی بلندی اور حالات انتہائی دشوار ہیں، ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو ممکن نہیں تھا۔ایک چار رکنی زمینی ریسکیو ٹیم، جس میں تین امریکی اور ایک جرمن کوہ پیما شامل ہیں، بھیجی گئی تھی مگر کامیابی نہ ہو سکی۔حادثے کے بعد لاورا کی ساتھی کوہ پیما محفوظ مقام پر پہنچ کر امدادی ٹیم کو الرٹ کر سکے۔موسمی حالات بھی امدادی کوششوں میں رکاوٹ بنے رہے۔ جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے بدھ کے روز اپنے بیان میں لاورا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا وہ ہماری قوم کی نمائندہ تھیں اور دنیا بھر میں پرامن، خوش مزاج اور منصفانہ بقائے باہمی کی علامت تھیں۔