اسلام آباد (ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے پاکستانی ہائی کمیشن میں ویزے کی درخواست دے دی ہے‘ قاسم اورسلیمان ویزے کے منتظر ہیں‘ پاکستانی سفیر نے بتایاہے کہ وزارت داخلہ اسلام آباد کی منظوری کے بعد ویزے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزارت داخلہ کے ذرائع کاکہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی کوئی ویزا درخواست وزارت داخلہ میں زیر غور نہیں ہے۔ویزادینا ہائی کمیشن اور وزارت خارجہ کے دائرہ کار میں آتاہے ‘ کسی بھی قسم کا ویزا وزارت داخلہ جاری نہیں کرتی اور وزارت داخلہ کے بارے میں دعویٰ خلاف حقیقت ہے۔