کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کے شیڈول اور میچوں کیلئے وینیوز کے اعلان کے باوجود بھارتی میڈیا اور سیاست دان ٹورنامنٹ کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کئی ماہ پہلے حکومت سے ٹورنامنٹ کرانے کی اجازت مانگی تھی اور حکومت نے سوچ بچار کے بعد اپنے بورڈ کو ایشیا کپ کی میزبانی کا گرین سگنل دیا۔ شدید تنقید کے باوجود، بھارتی کرکٹ بورڈ ، ایشیا کپ میں شرکت اور ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ نہیں کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایشیا کپ میں شرکت سے انکار آئندہ اہم انٹرنیشنل ایونٹس پر اثر انداز ہوسکتا ہے کیونکہ بھارت اولمپکس 2036، کامن ویلتھ گیمز 2030 اور یوتھ اولمپکس 2032 کی میزبانی کا خواہشمند ہے۔ جبکہ اکتوبر میں خواتین کرکٹ ورلڈ کپ اور آئندہ سال فروری میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بھی بھارت کے پاس ہے۔ کسی ایک ملک کے خلاف کھیلنے کے بائیکاٹ کی وجہ سے انٹرنیشنل چارٹر کی خلاف ورزی ہوتی ہے ۔