اسلام آباد(کامرس رپورٹر )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ تجارت اور برآمدات کو فروغ دینا چاہتا ہے اور چینی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنا ہمارا اہم معاشی ہدف ہے، احسن اقبال سے چین کے ڈویلپمنٹ ریسرچ سنٹر (ڈی آرسی) اور سنٹر فار انٹرنیشنل نالج آن ڈیولپمنٹ (سی آئی کے ڈی )کے صدر لو ہاؤ نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کا مضبوط اقتصادی تعاون قومی ترقی کی کنجی ہے،انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کو سیاسی تعاون سے آگے بڑھا کر معاشی و سماجی شراکت داری میں تبدیل کر دیا ہے، پاکستان چین کی اقتصادی اور اصلاحاتی کامیابیوں سے سیکھنے کا خواہاں ہے، اور دیرپا اور پائیدار ترقی کیلیے چین کی سائنسی منصوبہ بندی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔