اسلام آباد (ساجد چوہدری ) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن اور وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے ٹک ٹاک کے تعاون سے پاکستان میں سٹیم (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی) کے لیے مخصوص فیڈ کے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا، جس کا مقصد اعلیٰ معیار کے تعلیمی مواد کو ہر ایک کے لیے زیادہ قابل رسائی اور دلچسپ بنانا ہے،ٹک ٹاک پر نیا فیڈ ایک خصوصی اِن ایپ فیچر ہے جہاں صارفین کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی پر مبنی اعلیٰ معیار کا منتخب شدہ مواد فراہم کیا جائے گا، اس کا مقصد تجسس پیدا کرنا، تنقیدی سوچ کو فروغ دینا اور ڈیجیٹل لرننگ کے مواقع بڑھانا ہے، اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا یہ اقدام ہمارے وسیع وژن کے مطابق ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان میں تعلیم اور ہنر کی ترقی کو فروغ دیا جائے، ٹک ٹاک کا سٹیم فیڈ اس بات کی بہترین مثال ہے کہ کس طرح ٹیکنالوجی علم تک رسائی کو عام کر سکتی ہے اور ہماری نوجوان نسل، بشمول خواتین طلبہ کو سائنس اور ٹیکنالوجی میں نئے کیریئر کے مواقع تلاش کرنے کے قابل بنا سکتی ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ آسان اقساط میں اسمارٹ فونز کی فراہمی کے لیے ایک نئی پالیسی تیار کی جا رہی ہے تاکہ ڈیجیٹل ڈیوائسز ہر فرد کی پہنچ میں ہوں، انہوں نے بتایا کہ ڈی جی اسکلز پروگرام کے تحت ایک سال میں ایک لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی گئی ہے، اور رواں سال دس لاکھ بچوں کو مصنوعی ذہانت کی تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ویزر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہم پاکستان میں ٹک ٹاک کے سٹیم فیڈ کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ یہ نوجوان نسل کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی کو زیادہ قابل رسائی اور دلچسپ بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ جب ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا جائے تو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تعلیم، تخلیقی صلاحیت اور بااختیار بنانے کے لیے طاقتور اوزار بن سکتے ہیں، ہیڈ آف پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ ریلیشنز پاکستان (ٹک ٹاک) فہد محمد خان نیازی نے کہا وزارت آئی ٹی اور ملک کے تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم پاکستان کے مستقبل کے ٹیلنٹ میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، سٹیم کی تعلیم زندگیوں کو بدلنے کی طاقت رکھتی ہے، اور ہمیں فخر ہے کہ ہم اس کے ڈیجیٹل ارتقاء میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔