اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اپوزیشن رہنما اسد قیصر کی پریس کانفرنس کو گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے بارے میں بے بنیاد بیانات عوامی مفاد کے خلاف ہیں، کیا اپوزیشن کو یہ قابل قبول نہیں کہ ترسیلات زر 38 ارب ڈالر پہنچ گئی ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔ اتوار کو اپوزیشن رہنما اسد قیصر کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مہنگائی میں کمی آ رہی ہے، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، اسٹاک مارکیٹ مسلسل اوپر جا رہی ہے اور معیشت ترقی کر رہی ہے، کیا آپ کو یہ قبول نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی درجہ بندی میں واضح بہتری کی ہے۔