سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر بیراج کے دروازوں کی تبدیلی کا کام غیر معیاری ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ تبدیل کئے گئے 16دروازوں کا وزن یکساں نہیں، دروازے کھولنے اور بند کرنے کے لئے لگائے گئے ویلز اور نٹ بولٹس ایک ماہ میں ہی زنگ آلود ہوگئے ہیں۔ سکھر بیراج سے گزشتہ دنوں گزرنے والے 3لاکھ کیوسک پانی کے ریلہ کے دوران دروازوں میں وائبریشن بھی پیدا ہوئی تھی۔ سکھر بیراج کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر خیرپور اریگیشن سرکل نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو خط لکھ کر تمام تر تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ نئے گیٹس کے نقائص سے کمپنی و ٹھیکیدار کو آگاہ کردیا ہے، جب تک نقائص دور نہیں ہونگے ادائیگی نہیں کی جائیگی، اطمینان و تسلی کے بعد ہی سائٹ کو بیراج انتظامیہ کے حوالہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب بیراج دروازوں کی تبدیلی کا کام غیر معیاری ہونے پر عوام میں غم و غصہ پھیل رہا ہے۔