اسلام آباد(مہتاب حیدر)پاکستان کی برطانیہ کی مدد سے حکمرانی میں اصلاحات سے اربوں کی بچت، برطانیہ کا سب نیشنل گورننس پروگرام جو 2019 سے 2025تک جاری رہا، بہتر منصوبہ بندی، بجٹ سازی اور محصولات میں اضافے کے ذریعے 1.9ارب پاؤنڈ سے زائد کی عوامی مالی وسائل تک رسائی کا باعث بنا۔ ڈویلپمنٹ ڈائریکٹربرطانوی ہائی کمیشن کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر، سیم والڈاک کا کہنا تھا یہ پروگرام دکھاتا ہے مضبوط شراکت داری سے کیا کچھ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔برطانوی سرکاری بیان کے مطابق برطانیہ کی جانب سے کی گئی گورننس اصلاحات کے ذریعے پاکستان نے اربوں روپے کی بچت کی۔بیان میں کہا گیا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے اس پروگرام نے ایسی بچت ممکن بنائی جسے دیگر عوامی خدمات میں دوبارہ سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جا سکا۔مثال کے طور پر اس پروگرام نے حکومتِ پنجاب کو ایک جامع پنشن اصلاحاتی منصوبہ تیار کرنے میں مدد دی، جس میں ایک نیا پنشن اسکیم شامل ہے جس میں ملازم اور آجر دونوں حصہ ڈالتے ہیں۔