کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن سید محسن گیلانی کی سربراہی میں پی ایف ایف کے وفد نے کوالالمپور میں اے ایف سی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ وفد میں نائب صدر ذکا اللہ، قائم مقام جنرل سیکریٹری محمد شاہد نیاز کھوکھر اور بین الاقوامی تعلقات اور ڈویلپمنٹ کے سربراہ عمیر اللہ خان بھی شامل تھے۔ اے ایف سی کےسیکرٹری جنرل داتوک سیری ونڈسر جون نے وفد کا استقبال کیا۔ اس دوران فٹبال کے انفراسٹرکچر، تکنیکی ترقی اور طویل المدتی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ اے ایف سی کے سیکرٹری جنرل نے پی ایف ایف کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سید محسن گیلانی نے اے ایف سی کے اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا اور پی ایف ایف کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کو خوش آئند قرار دیا۔