کراچی (نیوز ڈیسک) آذر بائیجان کے دارالحکومت باکومیں زیر تعلیم پاکستان سمیت مختلف ممالک کےطلبا کوملک کی سماجی ا ورعوامی سرگرمیوں میں شامل کرنے کیلئے ایک مطالعاتی دورے کا اہتمام کیا گیا۔یہ طلباء آڈلاریوردو یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں،جن کی اکثریت پاکستان، چین، ایران، بنگلہ دیش، بھارت، ترکمانستان، سعودی عرب، نیپال، سری لنکا اور نائجیریا سے تعلق رکھتی ہے۔ اس دورے کا مقصد غیرملکی طلباکو دارالحکومت باکو سمیت آذربائیجان کے تاریخی اور سیاحتی مقامات سےمتعارف کرانا تھا۔یونیورسٹی کے سمر اسکول میں زیرِ تعلیم طلبانے باکو کی مردکان بستی میں واقع12ہویں صدی کی ایک تاریخی یادگار " مردکان قلعے" کے احاطے کا دورہ کیا، اس قلعے کی تعمیر1187اور 1188ءکے درمیان کی گئی تھی، اس کے 22میٹر اونچے برج میں پانچ اندرونی سطحیں ہیں اور اس کی ارد گرد کی دیواریں 7میٹر تک اونچی ہیں۔ اس قلعےنے علاقے کےدفاع میں انتہائی اہم کردار ادا کیا،قلعے کو 2001میں یونیسکوکےعالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا۔اس مطالعاتی دورےکوOYU کے انسٹرکٹر راشد خلیلوف نے لیڈ کیا او رشرکاءکیساتھ انتہائی اہم معلومات شیئر کیں۔