ملتان (سٹاف رپورٹر)ملتان کی پہچان اور تاریخی ورثہ کہلانے والی عمارت گھنٹہ گھر پر قومی پرچم بوسیدہ اور پھٹی ہوئی حالت میں لہرا رہا ہے، جس پر شہریوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ قومی پرچم پاکستان کی عزت اور وقار کی علامت ہے، اسے بوسیدہ اور پھٹی ہوئی حالت میں لہرانے دینا قومی وقار کی توہین کے مترادف ہے۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے فوری طور پر گھنٹہ گھر پر نیا پرچم نصب کریں تاکہ قومی پرچم اپنی اصل شان و شوکت کے ساتھ لہراتا دکھائی دے۔مقامی سماجی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے مناظر نہ صرف پاکستانی پرچم کے وقار کو مجروح کرتے ہیں بلکہ دنیا کو بھی منفی پیغام دیتے ہیں۔