• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیائی بینک، پاکستان ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کیلئے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا

کراچی (جنگ نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی )نے پاکستان کے ریلوے نظام کی بحالی کے لیے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تیاری کر لی۔معاہدہ رواںماہ کے آخر میں متوقع ہے ۔ کراچی سے روہڑی تک 500 کلومیٹر لائن کو اپ گریڈ کیا جا ئیگا۔ ریکوڈک کان سے ترسیل کیلئے اقدام کو ناگزیر قراردیا جار ہاہےکیوں کہ بیجنگ سے فنانسنگ میں طویل تاخیر سے اسٹریٹجک کان کنی منصوبے پر دباؤ پڑنے کا خطرہ تھا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ پیشرفت چین کی جانب سے 2015 میں سی پیک کے تحت اعلان کردہ 1,800 کلومیٹر ریلوے منصوبے میں ایک دہائی کی تاخیر کے بعد سامنے آئی ہے۔ یہ منصوبہ سفارتی اعتبار سے حساس ہے لیکن ذرائع کے مطابق چین کو اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔ ایک حکومتی اہلکار نے کہا ہم کبھی بھی چین کیساتھ اپنے تعلقات کو نقصان نہیں پہنچائیں گے‘تاخیر کی وجہ سے ریکوڈک کاپر اور گولڈ مائن منصوبہ دباؤ کا شکار تھا۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ریلوے سیکٹر پر بات چیت کر رہا ہے اور کسی بھی ممکنہ امداد کا انحصار جامع جانچ پڑتال اوراے ڈی بی کی پالیسیوں پر ہوگا۔ توقع ہے کہ معاہدے کا اعلان اسی ماہ کے آخر میں کیا جائے گا۔ADB نے رواں ہفتے ریکوڈک کان کے لیے 410 ملین ڈالر کی مالی معاونت کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ بینک کے صدر اگلے ہفتے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔دوذرائع نے بتایاکہ تقریباً 1,800 کلومیٹر پر محیط ریلوے کی بڑی بحالی 2015 میں بیجنگ کی "بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو" کے تحت پاکستان میں 60 ارب ڈالر کے چینی سرمایہ کاری پروگرام کا مرکزی منصوبہ تھی تاہم، ایک دہائی کی مذاکرات کے باوجود ریلوے اپ گریڈنگ کے لیے مالی پیکیج پر اتفاق نہیں ہو سکا جو چین کے ساتھ اس پروگرام کا سب سے بڑا منصوبہ تھا۔


اہم خبریں سے مزید