کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سپر ہائی وے زکریا گوٹھ میں واقع مکان سے 30 سالہ سعدیہ زوجہ رشید کی پھندا لگی لاش ملی ،ایس ایچ او آغا رشید نے بتایا کہ خاتون کے اہلخانہ کی جانب سے مدد گار 15 پولیس کو مبینہ خودکشی کرنے کی اطلاع دی گئی جس پر پولیس موقع پر پہنچی اور خاتون کی لاش کو اسپتال منتقل کر کے اس کا پوسٹ مارٹم کروایا، بظاہر واقعہ خودکشی کا نہیں لگتا تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی اصل وجہ کا تعین ہو سکے گا، پولیس نے بتایا کہ متوفیہ کے بھائی نے اپنی بہن کے دیور پر قتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے،واقعہ کے وقت متوفیہ کا شوہر بلوچستان گیا ہوا تھا،متوفیہ پانچ بچوں کی ماں تھی، دریں اثنا ملیر 15 مندر سلمان ٹیرس کے قریب گھر سے 40 سالہ وقار ولد عبدالعزیز کی پھندا لگی لاش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، پولیس نے بتایا کہ متوفی کے ورثاء موت کی تصدیق کے بعد لاش بناء پولیس کارروائی اپنے ہمراہ لے گئے ،ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ متوفی نے گھریلو پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہو کر مبینہ خودکشی کی ہے، علاوہ ازیں نیا گولیمار شاہنواز چوک سے 55سالہ نامعلوم شخص ، صدر جہانگیر پارک سے 55 سالہ نامعلوم شخص جبکہ ملیر ماڈل کالونی سے 50سالہ نامعلوم شخص کی لاشیں ملیں، پولیس نے تینوں لاشوں کو سرکاری اسپتال اور بعد ازاں سردخانے منتقل کردیا ،پولیس حکام کے مطابق متوفین کی فوری طور پر وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا ہے، میڈیکل رپورٹس کے بعد وجہ موت معلوم ہوسکے گی۔