فیصل آباد (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں ) فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کو تھانہ سمن آباد کے علاقہ میں سا بق وزیر داخلہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و وزیراعظم کے مشیر را نا ثنا ء اللہ کے گھر اور دفتر پر حملہ اور توڑ پھوڑ کے الزام میں ایک مقدمہ میں عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل ، فیصل آباد سے دو ایم پی ایز سمیت 59 ملزما ن کو 10,10سا ل کی سزا سنا دی، جبکہ فواد چوہدری، زین قریشی اور 34 کارکنوں کو بری کر دیا گیا، سزا پانے والوں میں فیصل آباد سے مزید دو ایم پی ایزبھی شامل ہیں دونوں نا اہل ہو گئے، پاکستان تحریک انصاف نے فیصلے پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ فیصلہ سیاسی اور سوچا سمجھا ہے، ٹھوس شواہد کے بغیر سزائیں سنائی جارہی ہے، سیاسی مخالفین کیساتھ کھیل بند کیا جائے، فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے مختلف تھانوں میں 9 مئی کے حوالے سے چار مقدمات درج تھے گذشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت کے جج جا وید اقبال نے سا بق وزیر داخلہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما ء را نا ثنا ء اللہ کے گھر اور دفتر پر حملہ اور توڑ پھوڑ کے الزام میں درج مقدمہ میں تحریک انصاف کے 17 قائدین سمیت 59 کارکنوں کوقید کی سزا سنا دی گئی۔