• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال ہراسانی کیس، ہیڈ نرس معطل، نوٹیفکیشن جاری

کراچی(جنگ نیوز) ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال میں زیر تربیت نرس کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے کیس میں انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہیڈ نرس کو معطل کر دیا۔ ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال کے ہیومن ریسورس ڈائریکٹریٹ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ترجمان ڈاؤ یونیورسٹی کے مطابق سوشل میڈیا پر مبینہ وائرل وڈیو ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب بنائی گئی جس پر اتوار کے روز وائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا اور ہراسانی میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ پروفیسر جہاں آرا نے کہا کہ ہراسانی میں ملوث کسی بھی فرد کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاؤ یونیورسٹی ہراسانی کے معاملات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتی ہے اور اس ضمن میں ایک مستقل انسداد ہراسانی کمیٹی قائم ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق ملوث افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور کسی کو نہیں بخشا جائے گا۔انسدادِ ہراسانی کمیٹی کی تحقیقات مکمل کرکےبھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریں اثنا پیر کی اشاعت میں ڈاؤ یونیورسٹی کا نام ہجے کی وجہ سے غلط شائع ہوگیا،آئندہ اس معاملے میں مکمل احتیاط کی جائیگی۔
اہم خبریں سے مزید