• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہفتے میں بھی برساتی پانی نہ نکل سکا، شیر شاہ کی گلیاں سیورج نالے بن گئیں

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) حالیہ بارشوں کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود کراچی کے علاقے شیرشاہ کی پوری آبادی سے برساتی پانی نہیں نکل سکا جو گلیوں میں سیوریج نالوں کی شکل اختیار کر گیا ہے علاقے میں تعفن پھیل گیا ہے۔ نمازیوں کا مساجد پہنچنا مشکل ترین کام بن گیا۔ عید میلاد النبی ﷺکے سلسلے میں چراغاں تو کیا گیا مگر مساجد کے دروازوں تک گندا پانی کھڑا ہے اور گذرنے کیلئے بلاکس رکھے گئے ہیں۔ نمازیوں کے مساجد جانے کے راستے پل سراط لگ رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ ہفتے ہوئی بارش سے شیر شاہ کی گلیوں میں 1 سے 3 فٹ پانی کھڑا ہوگیا تھا۔ علاقے کے نالوں میں کچرا بھرنے سے کئی روز تک پانی کی نکاسی نہ ہوسکی اور انتظامیہ بھی مدد کو نہ آئی۔ گٹر ابلنے سے شیرشاہ کی اہم سڑکیں جناح روڈ، اردو بازار، محمدی روڈ سیوریج نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ اس نمائندے نے دیکھا کہ 10 دن سے شیرشاہ کی کچرا کونڈیوں سے کچرا نہیں اٹھایا جاسکا۔ جو پھیل کر پورے سڑک تک پھیل گیا۔ بارش سے عالمگیر روڈ پر برساتی پانی رکا اور نہ نالے بند ہوئے، شہریوں نے حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اردو بازار، محمدی روڈ اور جناح روڈ کی بھی ازسرنو تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید