• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہندوستانی ہائی کمیشن نے وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے ستلج میں سیلاب کی پیشگی اطلاع دی، انڈس واٹر کمشنر

اسلام آباد(خالدمصطفیٰ)پیر کو بھارتی حکومت نے پاکستان کو دریائے ستلج میں آنے والے اونچے سیلاب کے بارے میں دو بار آگاہ کیا۔ پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کا کہنا ہے کہ یہ ایک اچھا شگون ہے‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں‘ یاد رہے کہ پہلگام حملے کے بعد انڈیا نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا تھا‘اس کے بعد اب تک صرف دو دنوں میں انڈیا نے پاکستان کو تین بار بڑے سیلابوں کے بارے میں مطلع کیا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ اب صورتحال میں بہتری آ رہی ہے کیونکہ ہندوستان نے باضابطہ طور پر پاکستان کو دریائے توی اور اب دریائے ستلج میں آنے والے اونچے سیلاب کی لہروں کے بارے میں مطلع کرنا شروع کر دیا ہے۔اس نمائندے سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ نے بتایا کہ اتوار کو ہندوستان نے وزارت خارجہ کے ذریعے صبح 10 بجے دریائے توی میں آنے والے بڑے سیلاب کے بارے میں پاکستان کو آگاہ کیا تھا اور اب پیر کو دو بار مطلع کیا ہے‘ پہلی بار صبح 10 بجے دریائے ستلج میں ہری کے، کے مقام پر اونچے سیلاب کے بارے میں اور دوسری بار شام 6 بجے فیروزپور سے نیچے اونچے سیلاب کے بارے میں۔پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے بھارتی انڈس واٹر کمیشن سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر پاکستان کی وزارت خارجہ کو دریائے ستلج میں اونچے سیلاب کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزارت خارجہ نے یہ معلومات پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر کو پہنچائیں جنہوں نے بغیر وقت ضائع کیے پیشگی کارروائی کے لیے یہ معلومات محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کو فراہم کر دیں۔مہرعلی شاہ نے کہاکہ یہ ایک اچھا شگون ہے کہ ہندوستان نے پاکستان کو ان سیلابوں کی شدت کے بارے میں مطلع کرنا شروع کر دیا ہے‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک ہندوستان نے سندھ طاس معاہدے کی دفعات کے مطابق پانی کے اعداد و شمار کا تبادلہ شروع نہیں کیا ہے جو یکطرفہ طور پر اب بھی معطل ہے اور ہندوستان ایسا نہیں کر سکتا۔

اہم خبریں سے مزید