• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرگ روڈ، منی بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے سمیت 3 جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈرگ روڈ انڈر پاس پر مسافر منی بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک متوفی کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئی،حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شارع فیصل تھانے کی حدود ڈرگ روڈ انڈر پاس میں D-11 کی مسافر روٹ کی منی بس نے موٹر سائیکلوں پر سوار افراد کو کچل دیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔پولیس اور ریسکیو ادارے کے رضاکار وں نے جاں بحق اور زخمی افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت60 سالہ سیما، 24 سالہ محمد شعیب اور 42 سالہ حارث کے نام سے کی گئی جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 24 سالہ نائلہ زوجہ شعیب کے نام سے کی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے میں محمد شعیب اور اس کی والدہ جاں بحق اوراہلیہ زخمی ہوئی ہے۔ متوفی محمد شعیب پاکستان نیوی کا ملازم اور شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی تھا۔حادثے میں جاں بحق متوفی حارث لیاری آگرہ تاج کالونی کا رہائشی بتایاجاتا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق محمد شعیب اپنی والدہ اور اہلیہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ متوفی محمد حارث الگ موٹرسائیکل پرسوار تھا۔پولیس کے مطابق حادثہ مسافر مزدا بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا ہے ۔مسافرمنی بس کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور گرفتار ڈرائیور کےخلاف قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید