راولپنڈی/اسلام آباد( نیوز رپورٹر/جنگ نیوز) وزیرمنصوبہ احسن اقبال کاکہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کی وجہ سے ہمیں بھارت سے تفصیلی ڈیٹا نہیں ملا‘ اگر معاہدہ فعال رہتا اور بھارت وقت پر اور تفصیل سے پانی کے بہاؤ کے اعداد و شمار فراہم کرتا تو پاکستان سیلاب کے اثرات کو بہتر طور پر سنبھال سکتا تھاجبکہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوجی جوانوں اور سول انتظامیہ کی مربوط اور انتھک کاوشوں کو سراہا ہے۔انہوں نےیقین دلایاہے کہ سیلاب کے دوران متاثر ہونے والے تمام مذہبی مقامات بشمول دربار صاحب کرتاپور کو ترجیحی بنیادوں پر اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ جمعہ کو آئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں بشمول سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتاپور کا دورہ کیا۔آرمی چیف نے علاقے کی متاثرہ سکھ برادری سے بھی ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ سیلاب کے دوران متاثر ہونے والے تمام مذہبی مقامات بشمول دربار صاحب کرتاپور کو ترجیحی بنیادوں پر اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔