کوہاٹ ، لاچی ،پشاور( نمائندگان جنگ مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے تھانہ لاچی کی حدود میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب جوابی آپریشن کے دوران 3دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ریجنل پولیس افسر (آر پی او) عباس مجید مروت نے بتایا کہ تھانہ لاچی کی حدود در ملک میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔ دہشت گردوں کے حملے میں ایک پروبیشنر اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اشفاق شہید اور2کانسٹیبل زخمی ہوگئے تھے، پولیس کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا، دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس افسر عباس مجید مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر ڈاکٹر زاہد اللّٰہ بھاری نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور آپریشن کی کمان سنبھال لی۔ پولیس کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا، سنگلاخ پہاڑوں اور جنگل میں کیے گئے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں 3دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جن کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دیگر زخمی دہشت گردوں کی تلاش میں آپریشن تاحال جاری ہے۔ آر پی او عباس مجید مروت نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا، ہم اپنے شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ تحصیل لاچی درملک غوریزی چوکی کے ساتھ اپریشن میں، شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کردی گئی۔ شہادت کا عظیم مرتبہ پانے والے پولیس اے ایس آئی اشفاق کی نماز جنازہ ڈی ایس پی فرید حسین بنگش شہید پولیس لائنز کوہاٹ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی آئی جی کوہاٹ عباس مجید مروت، کمشنر کوہاٹ معتصم باللہ، ڈی پی او کوہاٹ ڈاکٹر زاہد اللہ خان، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ پولیس افسران و اہلکاروں شہید کے لواحقین اور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کیڈی آئی جی کوہاٹ کمشنر کوہاٹ، ڈی پی اوکوہاٹ، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے پولیس کے چاق وچوبند دستے کے ہمراہ شہید کو آخری سلامی پیش کی اور شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے پولیس اہلکار اے ایس آئی اشفاق دوران مقابلہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔ فرض کی راہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کا تعلق کوہاٹ کے دارے وال بانڈہ سے تھا۔دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوہاٹ کے تھانہ لاچی کی حدود میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور فتنہ الخوارج کے 3حملہ آور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے بروقت کاروائی کر کے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید اے ایس آئی اشفاق کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید اے ایس آئی اشفاق کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی ہونے والے 2پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔کے پی کے پولیس نے ہمیشہ خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔ خوارجی دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ چھپنے نہیں دیں گے۔