کراچی (اسٹاف رپورٹر ) غریب آباد ریلوے پھاٹک کے قریب دو جھگیوں کے رہائشی اور قریبی رہائشی علاقے کے مکینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوئے، پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران مشتعل افراد نے جھگیوں کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں 5 جھگیاں خاکستر ہوگئیں، فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا، پولیس کے مطابق زخمی افراد نے بیان دیا کہ ریلوے پھاٹک کے قریب رہائشی علاقے کے کچھ لڑکے جھگیوں میں نشہ کرنے کے لیے آتے تھے، جس پر جھگیوں کے رہائشیوں نے اعتراض کیا اور منع کرنے پر جھگڑا شروع ہوگیا، پولیس کے مطابق زخمیوں میں 34 سالہ اللہ وسایا، 50 سالہ امتیاز، 35 سالہ خالد، 55 سالہ در ناز اور 48 سالہ نور جہاں شامل ہیں،پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ جھگیاں نذرآتش کرنے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔