کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے اجلاس میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب اب ایک قومی خطرہ بن چکا ہے اور ہنگامی بنیادوں پر ملک کے ہر حصے میں نئے فلڈ کینالز اور ڈیمز کی تعمیر ہماری قومی سلامتی کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، تباہ کن سیلابوں نے ایک بار پھر ملک کو بری طرح متاثر کیا ہے کیونکہ حکمرانوں نے ماضی کی غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا،سوال یہ نہیں کہ ہم ڈیمز اور کینالز بنا سکتے ہیں یا نہیں، اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم مزید نقصان سہنے کے متحمل ہو سکتے ہیں؟ چھوٹے اور درمیانے درجے کے ڈیمز، فلڈ کینالز اور ڈائیورشن کینالز کی تعمیر کو قومی مشن کا درجہ دیا اور اس کے لیے سیاسی اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے اور اسے قومی منصوبہ بندی میں اولین ترجیح بنایا جائے، دریائے سندھ ہمارا سہارا بھی ہے اور ہماری کمزوری بھی، ایک طرف یہ ہماری زراعت کو زندہ رکھتا ہے اور دوسری طرف ہر چند سال بعد تباہی بھی لے آتا ہے۔