اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پورا ملک متحد ہو چکا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دونوں ذاتی طور پر حالات کی نگرانی کر رہے ہیںگلیشئر پگھلنے، موسمیاتی تبدیلی سے آفات کا سامنا ہے عوام اور آبادیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، فیلڈ مارشل کو روزانہ اس حوالے سے رپورٹ پیش کی جاتی ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے ہمراہ پریس بریفنگ میں مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے، درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں ملک کو قدرتی آفات کا سامنا ہے، ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ عوام اور آبادیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے لیے سیلابی صورت حال سے نمٹنے میں تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا این ڈی ایم اے مسلسل سیلابی خطرات سے متعلق الرٹ جاری کررہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے، وفاقی وزیر نے کہا کہ کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔