کراچی (اسٹاف رپورٹر) حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامٹ کے پہلے راؤنڈ کے آخری دن کراچی وائٹس کے محمد عثمان رحیم نے ناقابل شکست ڈبل سنچری اسکور کی۔ لاڑکانہ نے ڈیرہ مراد جمالی کو 274 رنز سے شکست دے دی ۔ ڈیرہ مراد جمالی 476 رنز کے ہدف کے تعاقب میں201 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، زاہد محمود نے72 رنز کے عوض 5 اور میچ میں 9 وکٹیں لیں ۔کراچی وائٹس اور حیدرآباد کا میچ ڈرا ہوگیا۔ عثمان رحیم نے27 چوکوں اور5 چھکوں کی مدد سے 245 رنز سکور کیے ۔ فاٹا اور راولپنڈی کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔ کراچی بلوز اور ملتان کے درمیان میچ ہارجیت کے بغیر ختم ہوگیا۔ ملتان کی دوسری اننگز میں عمران رفیق اور شرون سراج کی ناقابل شکست سنچریاں بنائیں ۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 194 رنز کا اضافہ کیا۔ زین عباس نےنصف سنچری بنائی۔ لاہور بلوز کے محمد سلیم فیصل آباد کے خلاف 97 رنز پر آؤٹ ہوئے، میچ ڈرا ہوگیا۔کوئٹہ اور آزاد جموں کشمیر کے درمیان میچ بھی ڈرا پر ختم ہوگیا۔