شارجہ(نمائندہ خصوصی) تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ میں افغانستان اور امارات کے میچ سے قبل افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے شارجہ اسٹیڈیم میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ امارات بورڈ نے افغان حکومت سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پشاور زلمی اور زلمی فاونڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے زلزلے سے تباہی اور جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انہوں نے زلمی فاونڈیشن کی جانب سے متاثرین کیلئے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو کی ۔دریں اثناء افغان کرکٹ بورڈ نے تمام تاجروں اور کاروباری ہم وطنوں سے اپیل کی ہے وہ زلزلہ سے متاثر کنڑ اور دیگر مشرقی صوبوں کے متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں۔ اے سی بی کی قیادت، تمام کھلاڑیوں اور عملے کے ساتھ مل کر مشرقی صوبوں بالخصوص کنڑ میں شدید زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔ غم کی اس گھڑی میں ہم اپنی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔