سڈنی(جنگ نیوز) انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز سے قبل آسٹریلیا کو ایک بہت بڑا دھچکا لگا ہے کپتان اور اہم فاسٹ بولر پیٹ کمنز کمر کی انجری کی وجہ سے تمام پانچوں ٹیسٹ میچز میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔ ان کی انجری توقع سے زیادہ سنجیدہ ثابت ہوئی ہے ۔ برطانوی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق، کیریبین کے دورے سے واپسی کے بعد کمنز نے کمر میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔ اس کے بعد ہونے والے اسکینز کے نتائج نے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کمنز کے مستقبل کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا، 32 سالہ پیسر پہلے چند میچز سے باہر رہ سکتے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا اب جسپریت بمراہ کی حکمت عملی پر چلنے کا منصوبہ بنا رہا ہے ۔ اسی طرح، کمنز کو بھی صرف تین سے چار ٹیسٹ میچز میں کھلانے کا ارادہ کیا جا رہا ہے۔ کمنز آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی تین میچوں کی ٹی20 سیریز سے بھی باہر رہیں گے۔