نیو یارک( جنگ نیوز) یو ایس اوپن مینز سنگلز میں نوواک جوکووچ نے جرمنی کے جان لینارڈ اسٹرف کواسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ 38 سالہ جوکووچ ایک کیلنڈر سال کے چاروں گرینڈ سلمز کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے معمرترین کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز نے بھی فرانس کے آرتھر ریندرکنیش کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔ خواتین سنگلز میں دفاعی چیمپئن آرینا سبالینکا نے اسپین کی کرسٹینا بوکسا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں قدم رکھا ۔ وہ ٹورنامنٹ میں اب تک کوئی سیٹ نہیں ہاریں ۔ باربورا کریسکووا نے ٹیلر ٹاؤن سینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔ امریکی جیسکا پیگولا بھی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔