اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان کی کونسل کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی صورتحال کا جائزہ لیا ا صدر پیزشکیان نے ایران کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا ،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، چیف آف دی آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اورادیگر وفاقی وزراء بھی ملاقات میں موجود تھے۔ادھرشہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے بھی ملے، دوسری طرف چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی دنیا میں نمایاں اور منفرد مقام رکھتی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر سےملاقات کے دوران وزیراعظم نے پڑوسی ملک ایران کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کیلئے پاکستان کے گہرے عزم کا اعادہ کیا، مشترکہ تاریخ، ثقافتی ورثے اور عقیدے پر مبنی تعلقات کی مضبوط بنیادوں کو اجاگر کیا۔ ، صدر پیزشکیان نے ایران کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے دونوں دوست ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا بھی اعادہ کیا اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مذاکرات اور سفارت کاری کو تناؤ میں کمی اور استحکام کی جانب واحد قابل عمل راستہ قرار دیا، ایران کے صدر نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں جاری سیلابی صورتحال کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان اور مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایرانی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علییوف سے ملاقات کی، وزیراعظم نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر دستخط کرنے پر صدر علییوف کو مبارکباد پیش کی۔