کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچرز ایسوسییشن کی ہائی پاور کمیٹی کا اجلاس مرکزی صدر پروفیسر منور عباس کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل پروفیسر غلام مصطفی کاکا، مرکزی نائب صدر پروفیسر مشتاق پھلپوٹو، کراچی ریجن سےپروفیسر آصف منیر اور پروفیسر نہال اختر، حیدراباد ریجن سے پروفیسر عبدالحلیم درس اور پروفیسر غلام مرتضی سولنگی جبکہ سکھر ریجن سے پروفیسر ڈاکٹر ملہار سندھی اور پروفیسر غفران اللہ بلوچ نے شرکت کی۔اجلاس میں حکومت سندھ کی جانب سے آئندہ ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کی پنشن میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات اور غم و غصے کا اظہار کیا اور اسے آئین پاکستان کے خلاف قرار دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپلا کے مرکزی صدر نے واضح طور پر کہا کہ اس ظالمانہ اقدام کو کسی طور تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سندھ کی کالج اساتذہ دیگر سرکاری ملازمین کے شانہ بشانہ بھرپور احتجاج کریں گے۔ حکومت سندھ سرکاری ملازمین کو سخت فیصلوں پر مجبور نہ کرے۔ سپلا کے مرکزی صدر نے مزید کہا کہ ہم احتجاجی تحریک کے ساتھ ساتھ قانونی چارہ جوئی کے لیے قانونی ماہرین سے مشاورت کر رہے ہیں۔ ضرورت پیش آنے پر عدالت سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔