شارجہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ نےگریڈ ون ڈپارٹمنٹل فرسٹ کلاس ٹیموں کے سیزن 2025-26 میں ایک ٹیم کیلئے ایک کروڑ45 لاکھ59 ہزار63روپے انٹر ی فیس مقرر کی ہے۔ جنگ کے پاس موجود دستاویز کے مطابق سینئر جنرل منیجر جنید ضیاء کے دستخط سے جاری ہونے والے تین ستمبر کے لیٹر کے مطابق ٹیمیں25 کھلاڑیوں کی فہرست کے ساتھ فیس22 ستمبر تک جمع کرادیں۔ اس سلسلے میں23 جولائی کی میٹنگ کے منٹس کا ذکر کیا گیا ہے۔ ڈپارٹمنٹل ٹیموں نے بھاری انٹری فیس پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ میٹنگ میں میچوں کی لائیو اسٹریمنگ اور براہ راست ٹی وی پر دکھانے کا کہا گیا تھا لیکن کسی ٹیم نے میٹنگ میں اس بات پر اتفاق نہیں کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ پی سی بی کے ٹرینر لیں گے، ایک سیزن میں8ٹیمیں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کھیلیں گی۔ ہوٹلنگ، ایئر ٹریولنگ سمیت مجموعی طور پر ایک ڈپارٹمنٹ کو سیزن میں تقریبا 8سے 10کروڑ روپے کے اخراجات برادشت کرنا ہوں گے۔ ڈپارٹمنٹس کو خواتین اور انڈر19 ٹیمیں بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔