• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحیم یار خان، کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن، ڈرونز کا استعمال، کئی ٹھکانے تباہ

لاہور/رحیم یار خان( این این آئی)پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچے رونتی میں ڈاکوؤں کے خلاف جدید ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے سرپرائز آپریشن کیا۔ ڈرونز کے ذریعے ڈاکوؤں کی کئی پناہ گاہیں اور ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ متعدد ڈاکو زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کی کچے کے کریمنلز کی جانب سے یرغمال بنائے گئے افراد کی بازیابی کیلئے یہ ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کی قیادت میں جزیرہ نما علاقے میں ڈرونز کے ذریعے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ڈی پی او رحیم یار خان نے کہا کہ کچے کے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آپریشن جاری ہے، ڈاکوؤں کا گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ایک طرف سیلاب متاثرین کی امداد کر رہی ہے اور دوسری جانب عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کچے کے کریمنلز کیخلاف پوری قوت سے نبرد آزما ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی خدمت اور حفاظت کے ساتھ ساتھ کریمنلز کے خاتمے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جا رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید