شارجہ (نمائندہ خصوصی) مانچسٹر پولیس نے پاکستان کے انٹر نیشنل کرکٹر حیدر علی کے خلاف مبینہ ریپ کا کیس خارج کردیا ہے۔ بے قصور قرار دیے جانے کے بعد ان کو اب پی سی بی کی تحقیقاتی کمیٹی کا سامنا ہوگی اور معطلی برقرار رہے گی۔ گریٹر مانچسٹر پولیس کا کہنا ہے کہ ہم اس طرح کے تمام الزامات کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ہر واقعے کو انفرادی طور پر انتہائی دھیان سے دیکھتے ہیں۔ تمام ثبوتوں پر جامع نظرِثانی کرنے کے بعد فی الوقت تحقیقات بند کر دی گئی ہیں۔ اگر (مستقبل میں) کوئی معلومات سامنے آتی ہے تو ہم اس مواد اور مقدمے پر مناسب طریقے سے دوبارہ نظرِ ثانی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی خاتون کے الزامات درست ثابت نہ ہونے پر جلد کرکٹر کو پاسپورٹ بھی واپس کر دیا جائے گا، جس کے بعد پاکستان واپس آنے کی اجازت حاصل ہوگی۔ پولیس ذرائع کے مطابق کیس ناکافی شواہد کی وجہ سے خارج کیا گیا۔ اس کے بعد وہ آزادانہ طور پر برطانیہ آ جا سکیں گے۔ پولیس نے تحقیقات کیلئے اضافی وقت لیا لیکن کوئی الزام ثابت نہ ہوسکا۔