• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

اسلام آباد ( نیو زرپورٹر)این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ دنوں میں خطے کے حساس علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے جس سے سیلابی صورتحال اور زمینی کٹاؤ پیدا ہو سکتا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق کشمیر کے اضلاع خصوصاً مظفرآباد، نیلم ویلی، حویلی، باغ، پونچھ اور سدھنوتی میں شدید بارشوں کا خدشہ ہے جبکہ شاہراہ قراقرم کے مختلف مقامات پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔الرٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تورغر روڈ 120، بٹگرام روڈ 140، شانگلہ روڈ 160، لوئر کوہستان روڈ 180 اور تتہ پانی روڈ 320تا 360متاثر ہو سکتی ہیں۔ اسی طرح گلگت روڈ 400تا 420، ہنزہ، روندو، سکردو اور چترال کے مقامات پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم و سڑکوں کی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے ریڈیو، ٹی وی اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لیں۔ترجمان کے مطابق نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور سول و عسکری اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں امدادی ٹیموں سے رابطہ کریں۔
اہم خبریں سے مزید