کراچی (اسٹاف رپورٹر ) طارق روڈ پر مبینہ طور پر میاں بیوی کے بیہمانہ تشدد سے گھریلو ملازمہ شدید زخمی ہوگئی ۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق فیروز آباد تھانہ کی حدود طارق روڈ زاہد نہاری کے قریب گھر میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کا واقعہ پیش آیا جہاں گھر پر زینب نامی ملازمہ کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ ایس ایچ او فیروز آباد محمد طارق نے بتایا کہ شہروز اور اس کی بیوی کنول نے زینب کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔ شہروز اور کنول نے زینب پرگرم استری رکھی جس سے اس کا جسم جھلس گیا اور وہ شدید زخمی ہوگئی ۔ متاثرہ ملازمہ کے کمر اور بازؤں پر استری سے جلائے جانے کے نشانات موجود ہے ۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے واقعے میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرلیا ہے جن سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔