ملتان (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اقوام متحدہ سے رجوع کرنے اور ملک میں زرعی ایمرجنسی لگاکر متاثرہ کسانوں کے بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کر دیا‘انہوں نے کہاکہ ہم نے عالمی اداروں سے مددلینے میں دیرکردی ‘متاثرہ کسانوں کو بیج اور کھاد مفت فراہم کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روزمظفرگڑھ اور ملتان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور اس موقع پر سیلاب متاثرین اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام مشکل سے گزر رہی ہے، معیشت پر بہت زیادہ اثر پڑا ہے، ہم اس مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہیں‘چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وہ وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سیلاب کے شروع ہونے سے لے کر ختم ہونے تک کسانوں کے بجلی کے بلز معاف کئے جائیں۔ سیلاب سے نمٹنے کے لئے وفاق کو صوبائی حکومت سے مل کر متاثرین کی مدد کرنی ہوگی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد بی آئی ایس پی سے کی جائے‘وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی سپورٹ پرائس پالیسی پر نظرثانی کرے۔ جس طرح سندھ اور بلوچستان میں 2022ءکے سیلاب کے بعد متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔