کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور صوبائی حکومت ہر وقت عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔سیلابی ریلے کی سب سے خطرناک صورتحال اس وقت پنجند اور تریموں کے مقامات پر ہے جبکہ گڈو کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور گڈو، سکھر اور کوٹری میں حالات قابو میں ہیں۔ ان کے مطابق پنجند میں پانی کی آمد و اخراج دونوں 524,762 کیوسک ہیں جو انتہائی بلند سطح ہے جبکہ تریموں پر یہ سطح 531,993 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 425,813 اور اخراج 416,763 کیوسک، سکھر بیراج پر آمد 352,010 اور اخراج 329,310 کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر آمد 235,243اور اخراج 231,763 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔