• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف کا ملک میں ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی لگانے کا اعلان

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی لگانے کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پالیسی بنانے کی ہدایت کردی، وزیراعظم نے کہا ہے کہ ماحولیاتی وزرعی ایمرجنسی کیلئے احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر رہے ہیں، سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت کیلئے اجلاس بلایا جائیگا، حالیہ سیلاب میں ایک ہزار افراد جاں بحق ہوچکے، ازالے کیلئے صوبوں کو بھی اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، انہوں نے امریکا کے ساتھ تعلقات بڑھانے اور چین کیساتھ تزویراتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین سے ساڑھے 8 ارب ڈالر کے مشترکہ منصوبے اور امریکا کے ساتھ کان کنی و معدنیات کے شعبہ میں بڑی سرمایہ کاری کیلئے ایم او یوز خوش آئند ہیں، ان منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر، کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائیگی، افواج پاکستان اور ان کی قیادت کو جس طرح سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا جارہا ہے یہ ناقابل برداشت ہے ،اس کا سر کچلنا ہو گا، دہشت گردی کی بیخ کنی قومی اور ملی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت پیٹرلیم کی سفارش پر گیس کنکشنز کے منتظر صارفین کو RLNG کنکشنز کی فراہمی کی منظوری دیدی، کابینہ نے وزارت ریلوے کی سفارش پر ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے مابین مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی پر سہ فریقی حکومتی فریم ورک معاہدے کی بعد از وقوع توثیق کی گئی۔ اس معاہدے پر دستخط گزشتہ ماہ ہوئے تھے۔


اہم خبریں سے مزید