کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جے آئی یوتھ ویمن کراچی کے تحت شیخ زید آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں یوتھ کنونشن بعنوان ”پرواز2025“منعقد کیا گیا۔کنونشن سے سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان،ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حمیرا طارق،نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ اور کنٹرولر آف ایگزیمینشین انٹر بورڈ زرینہ راشد نے بھی خطاب کیا،کنونشن میں ڈاکٹر حمیرا طارق کے ساتھ خصوصی سیشن منعقد کیا گیا، جبکہ معروف موٹیویشنل اسپیکر اسد اعجاز نے بھی اظہار خیال کیا،کنونشن میں نوجوان خواتین کی بڑی تعداد کے علاوہ مختلف نجی وسرکاری جامعات و پروفیشنل تعلیمی اداروں اور کالجز سے وابستہ طالبات نے بھی شرکت کی،کنونشن کے دوران مباحثہ، بلاگ رائٹنگ، فوٹوگرافی اور یوتھ پچ ارینا جیسے دلچسپ مقابلے بھی منعقد کیے گئے اورنمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈز سے نوازا گیا،جبکہ انٹرمیڈیٹ میں مختلف گروپوں کی پوزیشن ہولڈر ز طالبات نے بھی شرکت کی جنہیں خصوصی انعامات دیے گئے،ڈاکٹرحمیرا طارق نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان ملک اور ملت کا اثاثہ اور ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان ہی کے ذریعے معاشرے میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیاہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک و قوم کی بہتر خدمت کر سکیں۔