گھوٹکی، ملتان، سکھر (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں سیلاب کا زور ٹوٹ گیا، ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا کے قریب سیلاب سے موٹروے ایم فائیو کو نقصان پہنچا ہے،ٹریفک متبادل راستوں پر منتقل کر دیا گیا، جبکہ دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی 48گھنٹے میں سکھر بیراج پر پہنچنے کا امکان ہے، لاڑکانہ میں زمینداری بند میں 100 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے آبادی کو خطرہ لاحق ہے، پانی کا ریلا درگاہ ملوک شاہ بخاری میں داخل ہوگیا، جبکہ پانی اب زرعی علاقوں اور آبادی کی جانب بڑھنے لگاہے، گھوٹکی میں سیلابی پانی سے قادرپورگیس فیلڈ کے کنویں بھی متاثر ہوئے اور 10کنوں سے گیس کی سپلائی بند ہوگئی ہے، گمبٹ کے کچے کے سینکڑوں دیہات زیر آب آگئے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سیلاب کا زور ٹوٹ گیا، بہاولپور میں اوچ شریف کے قریب سیلابی صورتحال کے باعث موٹروے بند کردی گئی، سیلابی صورتحال کےباعث موٹروے ایم فائیو بند کردی گئی، ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جارہاہے۔ دوسری جانب سیلابی ریلوں سے دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گڈو بیراج پر پانی کی آمد چھ لاکھ اور سکھر بیراج پر پانچ لاکھ کیوسک سے زیادہ ہے۔