• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دریائے سندھ، گڈو، سکھر، کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب

سکھر /خیر پور/دادو(بیورو رپورٹ/نامہ نگاران) ہنگورجہ سمیت دریائے سندھ کے بیراجوں گڈو، سکھر و کوٹری پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے،گڈو ، سکھر پر سطح کم جبکہ کوٹری بیراج پر بلند ہورہی ہے، مورو دادو پل پر پانی کی سطح میں بتدریج اضافہ جاری ہے،خیرپور کے کچے کے علاقے میں48گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 30 ہزار کیوسک پانی کی کمی ہوگئی، سیلابی ریلا لاڑکانہ سہیون بچاؤ بند سے ٹکرا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ کے تینوں بیراجوں گڈو، سکھر و کوٹری پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، گڈو و سکھر بیراج پر سطح کم جبکہ کوٹری بیراج پر بلند ہورہی ہے، دس دن سے جاری حالیہ سیلابی صورتحال اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہی ہے، سیلابی ریلے کوٹری بیراج سے گزر کر سمندر برد ہورہے ہیں. جمعہ کی شام 4 بجے کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 406147، اخراج 378615 کیوسک، سکھر بیراج پر پانی کی آمد 499850، اخراج 446470 کیوسک اور کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 326942 اور اخراج 306887 کیوسک ریکارڈ کیا گیا. تینوں بیراجوں پر فی الحال درمیانے درجے کا سیلاب ہے، گڈو و سکھر بیراج سے اونچے درجے کے سیلابی ریلے گزر گئے ہیں اور اب گڈو بیراج پر سطح آب بلند ہورہی ہے۔ خیرپور کے کچے میں 48 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 30ہزار کیوسک پانی کی کمی ہوگئی4لاکھ99ہزار کیوسک کے سیلاب کی صورتحال برقرار کچے کے تمام علاقے ڈوبے ہوئے ہیں۔کچے میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق ببرلو سےسگیوں اور محمود چنا تک ایک سو کلومیٹر سے زائد اراضی میں کاشت کی گئی کپاس، گنا اور دیگر فصلیں ڈوبی ہوئی ہیں دو سو سے زائد دیہات پانی میں گھرے ہوئے ہیں ہزاروں افراد بے گھر ہوئے ہیں اور سینکڑوں افراد ابھی تک سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں۔ دادو سے نامہ نگار کے مطابق مورو دادو پل کے مقام پر پانی کی سطح میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 60 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے۔ محکمہ انہار کے مطابق سیلابی پانی کچے کے شہر نؤں گوٹھ کے مقام پر لاڑکانہ سیہون بچاؤ بند سے ٹکرا گیا ہے۔ میہڑ اور خیرپور ناتھن شاہ سے ملحقہ کچے کے علاقوں میں مزید 8 پرائمری اسکول پانی کے گھیرے میں آگئے ہیں جس کے بعد متاثرہ اسکولوں کی مجموعی تعداد 21 تک پہنچ گئی ہے۔ ان اسکولوں میں تدریسی عمل معطل ہوگیا ہے اور 2 ہزار سے زائد طلباء متاثر ہوئے ہیں۔ انتظامی ذرائع کے مطابق میہڑ کے کچے کے مزید 3 دیہات سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں جس کے بعد متاثرہ دیہات کی مجموعی تعداد 49 تک جا پہنچی ہے۔ تاہم ڈپٹی کمشنر دادو سید مرتضیٰ شاہ کے مطابق متاثرہ علاقوں کے قریب لاڑکانہ سیہون بچاؤ بند پر انتظامی کیمپ قائم ہیں اور ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے۔ ہنگورجہ سے نامہ نگار کے مطابق دریائے سندھ کے ایس ایم سگیو ں بچاؤ کے علاقے میں5لاکھ 70کیوسک کا سیلابی ریلا گز ر رہا ہے سو فیصد گاؤں ڈوب چکے ہیں جبکہ علاقہ مکینوں کی نقل ومکانی جاری ہے۔
اہم خبریں سے مزید